پاکستان

ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے بطور ریکٹر نسٹ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اسلام آباد: پاکستان کے مایہ ناز ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے ریکٹر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ چین کی ممتاز پیکنگ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری، ایم فل کی امتیازی ڈگری اور چار مضامین میں ماسٹرز کی ڈگریوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر زاہد تحقیق و افزائش کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں اور پاکستان اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض بھی ادا کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر زاہد ریٹائرڈ لیفٹینینٹ جنرل ہیں اور وفاقی سیکرٹری دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ اس حیثیت میں انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ملکی و بین الاقوامی دفاعی صنعتوں میں پیشہ ورانہ کام کا وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ ڈاکٹر زاہد کو امریکہ، برطانیہ اور چین کی یونیورسٹیوں اور تھنک ٹینکس میں لیکچر دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ڈاکٹر زاہد بیجنگ فارن اسٹڈیز یونیورسٹی کے سابق سینئر ریسرچ فیلو بھی ہیں اور اس وقت بھی چین کے معروف تھنک ٹینک تائیہ انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو ہیں۔ ان کی تحریریں مختلف تحقیقی جرائد میں شائع ہو چکی ہیں اور ان کی زندگی کا محور تعلیم و تدریس سے انکا جذباتی لگاو ہے۔
تعلیمی و تدریسی حلقوں کی جانب سے ڈاکٹر زاہد جیسے صاحبِ بصیرت تعلیم داں کی بطور ریکٹر تعیناتی کا خیر مقدم کیا جارہا ہے اور اس امید کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ ریکٹر کی حیثیت میں اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نسٹ کی قائدانہ حیثت کو نہ صرف مزید مستحکم کریں گے بلکہ تحقیق، جدت گری اور عالمی اشتراک و تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات کو مزید تقویت دیتے رہیں گے۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے