زونگ فورجی کی شاہراہ ریشم کے اطراف ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے سلک روڈ کلچر سینٹر کے ساتھ شراکت داری
اسلام آباد: پاکستان میں ٹیلی کام سروسزفراہم کرنے والے معروف ڈیجیٹل آپریٹر زونگ فورجی نے سلک روڈ کلچر سینٹر (SRCC) کے ساتھ خصوصی شراکت داری کا اعلان کیاہے۔ اس تعاون کا بنیادی مقصد شاہراہ ریشم سمیت پورے خطے میں ثقافتی تبادلے اور اختراعات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
سلک روڈ کلچر سینٹرکی افتتاحی تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،متعدد ممالک کے سفراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس تقریب میں شاہراہ ریشم کی تاریخی وراثت کو تجارت، اختراعات اور ثقافتی تعاون کی علامت کے طور پر منایاگیا جبکہ موجود دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنے کی اہمیت پر زوردیا گیا۔
زونگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے حکمتِ عملی، نوید اختر نے اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور سلک روڈ ممالک کی مشترکہ وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، "سلک روڈ تعلق، تبادلے اور افہام و تفہیم کی علامت ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ثقافتیں کیسے متحد ہو کر کچھ عظیم تر تخلیق کرتی ہیں۔ یہ ثقافتی مرکز روایتوں کو جوڑتا ہے، مشترکہ اقدار کا جشن مناتا ہے اور تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔ زونگ اس اقدام کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ ترقی جدت اور ثقافتی ہم آہنگی سے ہی ممکن ہے، جو سب کے لیے ایک روشن مستقبل کو پروان چڑھاتی ہے۔“
زونگ فورجی کے آفیشل ترجمان نے کہا کہ،”سلک روڈ ممالک کے ساتھ پاکستان کا تاریخی تعلق ہمیں تعاون اور تبادلے کی طاقت کی یاد دلاتا ہے۔ سلک روڈ کلچر سینٹرخطہ کی عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے اور ہمیں اس اقدام میں تعاون کرنے پر فخر ہے۔“
چائنا موبائل کے ذیلی ادارے کے طور پر، زونگ نے دوطرفہ اور علاقائی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ شراکت داری،جاری منصوبوں میں دونوں اداروں کے مابین ہم آہنگی کو اجاگر کرتی ہے جو کنیکٹوٹی اور مشترکہ پیش رفت کو فروغ دیتے ہیں۔یہ شمولیت ثقافتوں کے فروغ اور تعاون کی ترغیب دینے والے اقدامات کی حمایت کے عزم کی نمائندگی کرتی ہے۔زونگ فورجی خطے میں ثقافتی اور اقتصادی ترقی کے لیے سلک روڈ کلچر سینٹرکوباہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی مستقبل کی تعمیرکے لیے ایک گیم چینجر کے طورپر دیکھتاہے۔
زونگ فورجی کی تکنیکی مہارت کوسلک روڈ کلچر سینٹر کے ثقافتی تبادلے کے مشن کے ساتھ ملا کر، یہ تعاون جدت اور انضمام کی ایک بہترین مثال ہے۔ زونگ اور اس کے شراکت دار مل کر شاہراہ ریشم کی میراث میں ایک نیا باب لکھنا چاہتے ہیں، جہاں ثقافتی ورثہ اور جدید ترقی دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔