پاکستان

پاکستان کو بحری شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے – وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف

لاہور، 06 دسمبر 2024: پاکستان نیوی کی ساتویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-7)؛ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں اختتام پذیر ہوئی۔ وزیر اعظم پاکستان، میاں محمد شہباز شریف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کو اپنے بحری شعبے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمندر 21ویں صدی میں انتہائی اہم ہو چکے ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ وسائل سے بھرپور ہمارے سمندری علاقے کی اہمیت اس وقت اور بھی بڑھ گئی ہے جب دنیا جیوپولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ قومی بحری شعبے کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے ملک کے شپنگ اور فشنگ کے شعبوں کی موجودہ صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت پر بات کی تاکہ معاشی اور سماجی ترقی کے لیے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ وزیر اعظم نے قومی سلامتی میں سمندروں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے پاکستان نیوی اور پاکستان نیوی وار کالج کی کاوشوں کو سراہا۔

قبل ازیں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج آمد پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں ورکشاپ کے دوران کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ بعد ازاں، ورکشاپ میں شریک پینل نے قومی بحری پالیسی کے لیے تجاویز پر مشتمل ایک پیپر پیش کیا۔ پینل نے بحری ماحول کا جائزہ پیش کیا اور اس کے قومی سلامتی اور ملک کی اقتصادی خوشحالی پر اثرات کو اجاگر کیا۔ پینل نے چیلنجز سے نمٹنے اور مواقع کو استعمال کرنے کے لیے قیمتی سفارشات بھی پیش کیں۔

میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ پاکستان نیوی کا ایک سالانہ ایونٹ ہے جس کا مقصد بحری سلامتی کے موضوع پر آگاہی پیدا کرنا، بلیو اکانومی کے بارے میں شعور پیدا کرنا اور پاکستان کے غیر استعمال شدہ بحری وسائل کو دریافت کرنا ہے۔ ورکشاپ میں شریک افراد میں ارکان پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد، کاروباری شخصیات، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے