Uncategorized

امیر البحر کا پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

کراچی، 20 نومبر 24: پاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب آئیڈیاز 2024 کے دوران ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے منصوبے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک(پی ایم ایس ٹی پی) میری ٹائم سائنسز، ٹیکنالوجی، کاروبار اور صنعت کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم پیش رفت پاکستان کی جی ڈی پی اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے نئے راستے کھولے گی۔ امیر البحر نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایم ایس ٹی پی کی کامیابی بصیرت رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے ساتھ قائم کی گئی شراکت داری کی عکاس ہے۔

پی ایم ایس ٹی پی ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا میری ٹائم سائنس پارک ہے جو پاکستان کے بحری شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے علمی شعبے، صنعت اور حکومت کو ایک منفرد تعاون کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔ اس پارک کے اقدامات میں بحری ٹیکنالوجیز، آرٹیفیشل انٹیلیجینس، سائبر سیکیورٹی، اوشن رینیوایبل انرجی، سی فوڈ پروسیسنگ، جہاز سازی، اور ساحلی سیاحت سمیت متعدد شعبوں کو فروغ دینا شامل ہے۔

‏ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا تصور جدت اور ترقی کے لیے ایک انقلابی مرکز کے طور پر کیا گیا ہے، جو پاکستان کی بلیو اکانومی کو تقویت دینے کے لیے میری ٹائم سائنس اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی کے علاوہ اسلام آباد، لاہور اور گوادر تک منصوبہ بند توسیع کے ساتھ پاکستان کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے