تجارت

بینک اسلامی کا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے یوم کاروباری خواتین منایاگیا

لاہور،19 نومبر،2024 : بینک اسلامی، پاکستان کا ایک معروف اسلامی بینک ہے۔ بینک اسلامی نے حال ہی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں موجود اپنی شاخوں میں کاروباری خواتین کا دن (Women Entrepreneurship Day) منایا۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک کی خاتون اعلیٰ افسران نے بھی بھرپور شرکت کی اور خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے بینک اسلامی کے اقدامات کو سراہا۔

بینک اسلامی صنفی تنوع، شمولیت اور اخلاقی بینکاری کے لیے پُرعزم ہے اور خود کو عوام کے لیے ایک ایسے بینک کے طور پر پیش کرتا ہے، جو تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے عقائد اور اقدار سے ہم آہنگ ہے، اور رِبا سے پاک(Interest-free) ، مالیاتی حل فراہم کرتا ہے۔ بینک اسلامی کا وژن ”انسانیت کو رِبا سے بچانا“ اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ بینک مذہبی پس منظر یا مالی حالت سے قطع نظر سب کے لیے شمولیاتی اور قابل رسائی بنایا جائے۔

بینک اسلامی، کاروباری خواتین کے دن کو منانے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے، جو خواتین کاروباری شخصیات کو رہنمائی فراہم کرنے، حوصلہ افزائی کرنے اور اُن کی مدد کرنے کے لیے متعدد سرگرمیوں پر مشتمل ہیں۔ اسی کے ساتھ ان کی مالی رسائی کو بڑھانے اور ان کی کامیابیوں کا جشن منانے کا مقصد رکھتا ہے۔

بینک اسلامی نے خواتین کاروباری شخصیات کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اسلامی ری فنانس اور کریڈٹ گارنٹی اسکیم (IRCGS-WE) کے تحت مشعل بزنس فنانس کی صورت میں ایک کم لاگت والی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ یہ سہولت نئی خواتین کاروباری شخصیات کو بینکاری میں شامل کرنے کے لیے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنے کاروبار کو زیادہ بہتر طور پر چلاسکیں اور ترقی دے سکیں۔ اس سہولت کو اسٹیٹ بینک کے ” Empower HER Finance Campaign” کے تحت یکم جولائی 2024 سے فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر کراچی میں بینک اسلامی کی ایک شاخ میں خطاب کرتے ہوئے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں بینکنگ سروسز کارپوریشن کی ڈپٹی چیف منیجر، محترمہ سارہ سجاد نے کہا: ”بینک اسلامی کا خواتین کاروباری شخصیات کو فروغ دینے کا جذبہ ان کے انتہائی مؤثر سیشنز سے واضح ہوتا ہے، جن میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مجھے امید ہے کہ یہ اقدامات چھوٹے یا بڑے کاروبار سے قطع نظر،خواتین کاروباری شخصیات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔“

خواتین کاروباری شخصیات کی مشکلات کو نمایاں کرتے ہوئے، بینک اسلامی میں خواتین کی مالی خدمات ڈپارٹمنٹ کی سینئر منیجر ،محترمہ عائشہ اشرف جانگڑا نے کہا: ”خوتین کاروباری شخصیات کی اپنے کاروبار کو بڑھانے اور اسے پائیدار بنانے میں ناکامی کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہیں مالی امدادی معاونت کی سہولتوں اور اُن کے لیے مخصوص اسلامی بینکاری کی پروڈکٹس کے بارے میں آگاہی نہیں ہوتی۔ یہ دن منانے کا مقصد کاروباری خواتین کے لیے دستیاب مالی معاونت کو اجاگر کرنا، خواتین کے کاروباری نظام کو سہارا دینا اور پاکستان کی معیشت کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔“

مزید برآں، بینک اسلامی نے حال ہی میں ایشیائی ترقیاتی بینک-ویمنز فنانس ایکسچینج (gWFX) کے ساتھ ایک تکنیکی معاونت کا معاہدہ کیا ہے تاکہ اے ڈی بی-وی ایف ایکس کے انوکھے تکنیکی چیلنج سے منتخب کردہ ایک متبادل کریڈٹ اسکورنگ ٹیکنالوجی کے حل کا آغاز کیا جا سکے۔ یہ معاہدہ بینک اسلامی کو خواتین کاروباری شخصیات اور خواتین کی ملکیت والے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (WSMEs) کے قرض کی درخواست دہندگان کی کریڈٹ ویلتھ کو زیادہ مؤثر طریقے سے سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے